![]() |
کماد کی فصل سے جڑی بوٹیوں کو ختم کرنے کا آسان طریقہ |
السلام علیکم کسان بھائیو!
کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کماد کی جڑی بوٹیاں وقت پر ختم نہ کی جائیں تو پیداوار 30 فیصد تک کم ہو سکتی ہے! لیکن پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ آج کے مضمون میں، میں آپ کو ایک آسان اور آزمودہ طریقہ بتانے والا ہوں جس سے اگی ہوئی جڑی بوٹیاں ختم ہو جائیں گی، نئی جڑی بوٹیاں بھی ایک مہینے تک نہیں اگیں گی اور کماد کی گروتھ میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔
• یہ مضمون آپ کے لیے کیوں ضروری ہے؟
اس مضمون میں آپ کو مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات ملیں گے:
• کماد کی بہترین پیداوار کیسے حاصل کی جائے؟
• جڑی بوٹیوں کو خود بخود کیسے ختم کیا جائے؟
• پہلے پانی سے پہلے کون سا کام ضروری ہے؟
تو اس مضمون کو آخر تک ضرور پڑھیں کیونکہ آخر میں میں آپ کو ایک وہ غلطی بتاؤں گا جو اکثر کسان حضرات کر جاتے ہیں۔
• ہماری کماد کی فصل جو کہ 20 فروری کو کاشت کی گئی تھی، اب ایک مہینے کی ہو چکی ہے۔ کماد کی فصل کو بجائی کے بعد پہلا پانی عموماً 35 سے 40 دنوں کے درمیان دیا جاتا ہے۔ جن کاشتکاروں نے فاسفورس (ڈی اے پی) کھاد بجائی کے وقت نہیں دی ہوتی، وہ اکثر پہلے پانی کے ساتھ دیتے ہیں۔ اور جو کاشتکار فاسفورس بجائی کے وقت ڈال چکے ہوتے ہیں، وہ یوریا کھاد پہلے پانی کے ساتھ دیتے ہیں۔
اب سمجھداری یہ ہے کہ نئی فصل کی کھاد خوراک شروع کرنے سے پہلے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کیا جائے، تاکہ پوری خوراک فصل کو ملے اور فصل کی بڑھوتری تیز ہو۔ اس سے کماد زیادہ شگوفے بنائے گا اور گرمی آنے سے پہلے تین سے چار فٹ کا ہو جائے گا۔ جب کماد اپنے نیچے سایا کر لے گا تو زمین میں وتر رہے گا اور کماد گرمی سے محفوظ رہے۔ اس طرح ہمیں مطلوبہ پیداوار حاصل ہو گی۔ یہ سب اسی وقت ممکن ہے جب ہم جڑی بوٹیوں کو وقت پر ختم کریں۔
• جڑی بوٹیاں ختم کرنے کا طریقہ :
جڑی بوٹیاں ختم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ اگر ایک طریقہ کار کے مطابق کام کیا جائے تو یہ بہت آسان ہے۔ اگر جڑی بوٹیاں بروقت ختم نہ ہوئیں تو وہ پانی اور کھاد سے خوراک کا حصہ لیں گی اور فصل کی جو مطلوبہ بڑھوتری ہے، وہ شاید اتنی نہ ہو۔
تو آئیے دیکھتے ہیں کہ ہم کس طرح باآسانی جڑی بوٹیاں ختم کر سکتے ہیں۔
عملی طریقہ:
• پہلا مرحلہ : ریجر چلائیں پہلا پانی لگانے سے پہلے کھیت میں ہلکا سا ریجر چلائیں۔ دھیان رہے کہ ریجر زیادہ گہرائی میں نہ ہو، صرف دو سے تین انچ تک زمین میں جائے۔ ریجر 'بیڈ شیپر' نہ ہو، بلکہ 'فلیٹ ٹائپ' ہو۔ اس میں ایک لائن میں تین پھالے چلیں گے، دو سائیڈوں پر اور ایک درمیان میں چلے گا۔ٹریکٹر کی رفتار بہت زیادہ تیز نہ ہو کہ اس سے کماد کے اوپر مٹی آئے گی اور بہت آہستہ بھی نہ ہو۔ ایک درمیانی رفتار میں چلائیں تاکہ جو چھوٹی چھوٹی جڑی بوٹیاں ہیں، یہ ختم ہوتی جائیں اور جو مڈ کے پاس ہیں، ان کے اوپر مٹی آتی جائے اور وہ مٹی کے نیچے دب جائیں۔
![]() |
کماد کے کھیت میں ریجر چلانا |
• دوسرا مرحلہ : انتظار کریں ریجر لگانے کے تین چار دن کے بعد جب یہ جڑی بوٹیاں سوکھ جائیں اور زمین تھوڑی سی خشک ہو جائے تو پھر پہلا پانی لگائیں۔ اس وقت فصل 35 سے 40 دن کے درمیان ہو گی۔
• تیسرا مرحلہ : ڈیوال گولڈ فلڈ کریں جس دن پہلا پانی لگانا ہے، تو میرا زمین میں ایک لیٹر ڈیوال گولڈ فی ایکڑ کے حساب سے فلڈ کر دیں۔ اگر زمین پکی یا سخت ہے تو اس میں ڈیوال گولڈ 700 سے 800 ایم ایل تک فلڈ کی جائے گی کیونکہ پکی یا سخت زمین میں ڈیوال گولڈ کافی اچھا رزلٹ دیتی ہے۔
![]() |
کماد کے کھیت میں ڈیوال گولڈ فلڈ کرنا |
• چوتھا مرحلہ : یوریا کھاد ڈالیں پہلے پانی کے بعد جب زمین میں ہلکا سا وتر بن جائے تو ایک بوری یوریا فی ایکڑ کا چھٹا دے سکتے ہیں۔
• نتائج : اس طرح جو جڑی بوٹیاں پہلے سے اُگی ہوئی تھیں، وہ ریجر سے ختم ہو جائیں گی، کچھ مٹی کے نیچے دب جائیں گی اور آپ نے پہلے پانی کے ساتھ ڈیوال گولڈ فلڈ کر دی۔ ڈیوال گولڈ یا ایس میٹولا کلور اور دوسری جڑی بوٹیاں اگنے نہیں دیں گی۔ تقریباً 30 دن تک جو بھی آپ خوراک فصل کو دیں گے وہ آپ کی فصل کو ہی لگے گی، نہ کہ جڑی بوٹیوں کو۔ اس طرح فصل اچھی نشوونما کرے گی، اس کی بڑھوتری زیادہ ہو جائے گی، اس کے شگوفے زیادہ نکلیں گے اور آپ انشاءاللّہ بہتر پیداوار حاصل کریں گے۔
• بڑی غلطی جو اکثر کسان کرتے ہیں!
زیادہ تر کاشتکار پہلے پانی سے پہلے یہ کام نہیں کرتے، جس کی وجہ سے جڑی بوٹیاں کھاد اور پانی سے اپنا حصہ لیتی ہیں اور کماد کی گروتھ رک جاتی ہے! لیکن اگر آپ نے مضمون میں بتائے گئے طریقے پر عمل کر لیا تو آپ کی فصل دوسرے کسانوں سے 30 فیصد زیادہ پیداوار دے گی۔
• اختتامیہ : تو کسان بھائیو، یہ کچھ میرے خود کے تجربے کی باتیں تھیں، جو انشاءاللّہ آپ کو بھی فائدہ دیں گی۔ آپ کس طرح جڑی بوٹیوں کو ختم کر رہے ہیں، یہ آپ کمنٹ سیکشن میں بتا سکتے ہیں۔
اپنا اور اپنے آس پاس رہنے والوں کا بہت سا خیال رکھیں۔
Comments
Post a Comment